الوقت - شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے ایک بار پھر کہا ہے کہ جنیوا امن مذاکرات میں صدر بشار اسد کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے جمعے کو دمشق میں ایک بیان میں کہا کہ جنیوا امن مذاکرات میں صدر بشار اسد کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جنیوا امن مذاکرات کے ایجنڈے میں ریاض کے حمایت یافتہ مخالفین سمیت کسی بھی گروہ کے ساتھ بشار اسد کے مستقبل کے بارے میں بات چیت شامل نہیں ہے۔
شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے ایک بار پھر کہا کہ شام کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق صرف شام کے عوام کو ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شام میں امن مذاکرات کا نیا مرحلہ بدھ تیرہ اپریل سے جنیوا میں شروع ہو گیا ہے۔ امن مذاکرات میں حصہ لینے کے لئے شامی حکومت کا وفد جمعے کو جنیوا پہنچا ہے جس کی قیادت اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے بشار جعفری کر رہے ہیں۔
شام نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات کی وجہ سے اس کی مذاکرات کار ٹیم جمعے سے امن مذاکرات میں شرکت کرے گی۔