الوقت - فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدين القسام بریگیڈ نے اسرائیل سے اس کے قیدیوں کے بارے میں کسی بھی قسم کے مذاکرات کی تردید کی ہے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق، عزالدين القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ صیہونی وزیر اعظم بنيامن نتین ياہو، اسرائیلی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں اور غزہ میں قید 4 صہیونی فوجیوں کے اہل خانہ کو دھوکہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قسام بریگیڈ، صیہونی حکومت کے اسیر فوجیوں کے بارے میں کوئی معلومات اسرائیل کو نہیں دے گا۔
حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ 2014 کے حملوں کے دوران فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے جیالوں نے اسرائیل کے چار فوجیوں کو اسیر کر لیا تھا۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے اسیر فوجیوں کی تصویریں بھی جاری کی ہیں۔
حماس نے جو تصویر جاری کی ہے اس میں چار فوجیوں کی تصاویر ہیں۔ ابو عبیدہ نے تاکید کی کہ ان فوجیوں کے رہائی کے لئے اسرائیل کی جانب سے کسی بھی طرح کے کوئی مذاکرات یا پیشکش نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہوں نے گزشتہ اتوار کو یہ دعوی کیا تھا کہ غزہ میں لاپتہ فوجیوں کی آزادی کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جبکہ فلسطینی ذرائع نے صہیونی وزیر اعظم کے بیان کی تردید کی ہے۔