الوقت - ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے شمال میں واقع گنیش سنیما ہال کے پاس ایک زیر تعمیر فلائی اوور برج کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
واقعہ مقامی وقت کے مطابق 12.30 منٹ پر پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تقریبا 50 افراد کو اسپتال پہنچایا گیا ہے۔
عینی کا کہنا ہے کہ اس فلائی اوور برج کے نیچے تقریبا 150 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ بہت ہی زیادہ آبادی والا علاقہ ہے جس کی وجہ سے امدادی کام میں تھوڑی دشورای در پیش ہے۔ این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں کولکتہ روانہ ہو گئی ہیں۔ چیف سکریٹری اور سکریٹری داخلہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اپنا انتخابی دورہ چھوڑ کر وقوعہ پر پہنچ رہی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کا حصہ گرنے کے دوران بہت تیز آواز آئی جیسے کوئی بم پھٹا ہو۔ سارا علاقہ دھول میں بھرا دکھائی دے رہا تھا۔ ریلیف اور ریسکیو کا کام چل رہا ہے۔