الوقت - عرب لیگ نے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کی سرزمین کے غاصبانہ قبضے کو ختم کرانے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔
عرب لیگ نے بدھ کو یوم الارض کی مناسبت پر ایک بیان جاری کرکے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں پر صیہونیوں کے مظالم روکے جائیں اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے راستے میں موجود تمام روکاوٹو کو دور کیا جائے۔ عرب لیگ نے اپنے بیان میں عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے کے لئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔
عرب لیگ نے اپنے بیان میں صیہونیوں کے اقدامات کے خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ جب تک ایک آزاد فلسطینی ریاست کا جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، قیام نہیں ہو جاتا، اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔ عرب لیگ کے بیان میں صہیونی حکومت کی پالیسیوں کو ہی علاقے اور دنیا میں امن اور استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم الارض کی تحریک، صیہونیوں کی جانب سے فلسطینیوں کی سرزمین پر زبردستی قبضہ کئے جانے کی کارروائی کے جواب میں شروع ہوئی ہے۔
دوسری جانب اس موقع پر فلسطینوں کے فلسطین کے تمام علاقوں میں سڑکوں پر نکل کر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے گئے۔ دریائے اردن کے مغربی کنارے، بیت المقدس اور غزہ کے باشندوں نے حیفا، یافا، جليليہ اور ناصرہ علاقوں میں رہنے والے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرے کئے اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
یوم الارض، فلسطینیوں کے لئے علامتی دن ہے۔ واضح رہے کہ 30 مارچ پورے فلسطین میں یوم الارض کے طور پر منایا جاتا ہے۔