الوقت - روس، شام میں داعش کے قبضے سے آزاد ہوئے تاریخی شہر پالميرا کے لئے بموں کو ناکارہ بنانے والے روبوٹ اور ماہرین بھیج رہا ہے تاکہ وہ داعش کی جانب سے نصب کئے گئے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا سکیں۔
روسی فوج کے ایک کمانڈر جنرل ویلری گیراسموف نے بتایا کہ شامی حکومت کی درخواست پر روسی فوج کی مسلح فورس کا بین الاقوامی مائن ایکشن سینٹر محکمہ انجینئر اور بموں کو ناکارہ بنانے والے یہ روبوٹ بھیج رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صدر ولادیمیر پوتین کے فیصلے کے مطابق، ماسکو، پالميرا شہر کے نواحی علاقوں سے بارودی سرنگیں اور دوسرے دھماکہ خیز مواد کو صاف کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ شام میں روس کے تعاون مرکز کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل سرگئی كرالینكو نے بتایا کہ روسی ماہرین اگلے چند دنوں میں شام کے شمال مغربی صوبے لاذقيہ میں واقع حمیمیم ائیربیس پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت پالميرا کو آزاد کرایا جا رہا تھا اس وقت روسی جنگی طیاروں نے اس شہر کے تاریخی مقامات کے آس پاس دہشت گردوں کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ اس شہر کی تاریخی مقامات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ تھا۔
واضح رہے شامی فوج داعش کے خلاف 4 ہفتے کی کارروائی کے بعد اتوار کو پالميرا شہر کو پھر سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوئی۔ یہ شہر شام کے مغربی صوبے حمص میں واقع ہے۔