الوقت- بدھ کے روز پورے پاکستان میں یوم پاکستان منایا گیا۔
اس موقع پر مرکزی تقریب دار الحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے سپاہیوں نے پریڈ کی۔ مرکزی تقریب میں پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین،وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزرا، غیرملکی سفارت کار اور اعلی عسکری حکام بھی موجود تھے۔ صدرمملکت نے پریڈ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ تقریب سے خطاب میں صدر ممنون حسین نے 23مارچ ہماری نظریاتی پہچان کا دن ہے اور ہم کو دہشت گردی اورانتہاپسندی کی شکل میں نئے دشمن کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان جلد ہی دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا ۔
پاکستان کے صدر نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اس مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند تنظیم دختران ملت نے بدھ کے روز یوم پاکستان کے موقع پر سری نگر کے کئی علاقوں میں پاکستان کے پرچم لہرائے۔ یوم پاکستان کے موقع پر نئی دہلی میں پاکستان کے سفارتخانے میں پروگرام منعقد ہوا جس میں علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی بھی شامل ہئے۔ گیلانی کے ساتھ ان کے حامیوں کو بھی پروگرام میں بلایا گیا تھا۔ حالانکہ اس میں یاسین ملک کی شرکت یقینی نہیں ہے اسی لئے وہ اپنے نمائندے کو بھیج سکتے ہیں جبکہ نعیم خان اور ان کے حامیوں کو پروگرام میں شرکت کے لئے پاکستان جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔