الوقت - افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کے نئے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکلسن نے گزشتہ سال افغانستان میں ایک اسپتال پر بمباری میں دسیوں عام شہریوں کی ہلاکت پر معافی مانگی ہے۔
جنرن نکلسن نے منگل کو اسپتال پر بمباری میں مارے جانے والوں کے اہل خانہ اور ملازمین سے ملاقات میں کہا کہ کمانڈر کی حیثیت سے میں قندوز آیا ہوں تاکہ اس شہر کے لوگوں اور اس واقعہ میں مارے جانے والوں کے سامنے کھڑے ہو کر دل کی گہرائیوں سے معافی مانگ سکوں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے شہر قندوز میں واقع ایک اسپتال پر اکتوبر سال 2015 میں امریکی طیاروں نے بمباری کی تھی جس میں 42 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 37 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
ڈاكٹرز ودآؤٹ بارڈر تنظیم کے زیر نگرانی اس اسپتال پر بمباری کے بعد اس بین الاقوامی تنظیم نے بمباری کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے اس بارے میں بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا لیکن یہ مطالبہ پورا نہیں ہوا۔
امریکہ نے کہا کہ اس حملے میں شامل فوجیوں پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا ہے البتہ ان کی ترقی کا راستہ بند کر دیا گیا۔