الوقت - مصر نے تاکید کی ہے کہ وہ شام کی ارضی سالمیت اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔
صوت المصر نامی ویب سائٹ پر مصر کے سرکاری ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ قاہرہ ہر حال میں شام کے اتحاد اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان، شام کے کردوں کے اس مطالبے کے جواب میں آیا ہے جس میں انہوں نے شام کے اندر فیڈرل حکومت کی تشکیل پر زور دیا تھا۔
مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ابوزید نے کہا کہ مصر نے شام کے مذاکرات میں کردوں کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شام کے کرد اکثریتی علاقے کو شام کا اٹوٹ حصہ قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ شام کے کردوں نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ وہ شمالی شام میں فیڈرل حکومت کی تشکیل کرنا چاہتے ہیں جس کی مخالفت امریکہ اور روس پہلے ہی کر چکے ہیں۔