الوقت - ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو گی۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سنیچر کو استنبول میں ترکی کے وزیر خارجہ اور اپنے ہم منصب مولود چاووش اوغلو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ایران، ترکی کے ساتھ ماضی کی ہی مانند اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور ترکی دونوں نے ہی تجارتی لین دین کا ہدف 30 ارب ڈالر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے وزیر اعظم کا حالیہ دورہ تہران مثبت تھا جس میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح شام اور عراق کی ارضی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے دونوں ممالک کے تعلقات مین میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کو ایران اور ترکی کے لئے مشترکہ خطرہ قرار دیتے اس کے مقابلے پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اپنے دورہ ترکی کے دوران اس ملک کے وزیر اعظم احمد داود اغلو اور صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ملاقات کریں گے۔