الوقت - موصولہ رپورٹ کے مطابق، شدید بارشوں سے لوئر دیول کے قریب ایک بڑا مٹی کا تودہ گرنے سے راولپنڈی- مری-کشمیر ہائی وے ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بلاک ہو گيا۔
ذرائع کے مطابق، تودہ گرنے سے ہائی وے کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا، جسے دوبارہ استعمال کے لائق بنانے کیلئے وقت درکار ہو گا۔ مری میں ٹریفک پولیس نے بینرز آویزاں کرتے ہوئے لوئر ٹوپا اور جھیکا گلی پوائنٹس پر مسافروں کو متبادل بریڈل روڈ استعمال کرنے کی ہدایات دیں۔
جمعہ کو شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہا، جس سے بڑی رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔
ادھر صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز سے جاری موسلادھار اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد42 تک پہنچ گئی۔
اے ایف پی‘ نے انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر ہلاکتیں شدید بارش کے باعث چھتیں گرنے سے ہوئیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں سے ہلاکتوں کے علاوہ اب تک 70 افراد زخمی اور 75 مکانات بھی تباہ ہوچکے ہیں۔