~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر حسن روحانی نے تہران کے آزادی اسکوائر پر اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جشن میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پر یہ بات پوری طرح ثابت ہو گئی کہ ایران کے عوام، منطق اور افہام و تفہیم پر ہی یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو علاقائی اور عالمی امن کے لئے خطرہ بنا کر پیش کی جانے والی سازشیں پوری طرح ناکام ہو گئی ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کے میدان میں ہم نے خدا کی مدد و نصرت، ایرانی عوام کی حمایت و پشتپناہی اور رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت اور رہنمائیوں کی بدولت کامیابی حاصل کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی گرانبہا میراث کا تعلق ایران کے سبھی لوگوں بلکہ پوری دنیا کے حریت پسندوں سے ہے۔ خطرات اور انتقامی کارروائیوں سے اس انقلاب کی حفاظت فرمائی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مشرق وسطی کے بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مسلمان ہونے کا دعوی کر کے اسلام کے نام پر مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں وہ مسلمان نہیں اور نہ ہی اسلام سے ان کا کوئی تعلق ہے۔