~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے برطانیہ میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے لندن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے پابندیوں کو ناکام بنا دیا اور یہ ایرانی عوام کی استقامت ہی تھی جو امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لے کر آئي کیونکہ ایرانی حکومت ماضی میں بھی مذاکرات کے لئےتیار تھی لیکن ایرانی عوام کی استقامت اور میدان میں ان کی بھرپور موجودگي کے سبب ایران پر پابندیاں لگانے والوں کا مقصد پورا نہ ہو سکا اور مجبورا ان کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ پابندیاں ظالمانہ تھیں لیکن وہ عوام اور حکومت کے درمیان خلیج پیدا نہ کر سکیں۔
محمد جواد ظریف نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف جس اتفاق کا دعوی کیا جا رہا تھا اس کی دیواریں گرنے کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمن خصوصا صیہونی حکومت بوکھلا گئي ہے۔ علاقے کی بعض حکومتوں نے بوکھلاہٹ کے عالم میں اقدامات انجام دیئے ہیں اور حالیہ چند مہینوں کے دوران سعودی عرب نے جو اقدامات انجام دیئے ہیں ان سے بھی اسی بوکھلاہٹ کا پتہ چلتا ہے۔