الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمعرات کو قم شہر میں شہدا کے مزارپر پھولوں کی چادر چڑھانے کے سالانہ پروگرام کے موقع پر اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے ایام ، عشرہ فجر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ شہادت پسندی اور مجاہدت کا جذبہ مغربی طاقتوں کی منہ زوری کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا سب سے اہم عامل ہے-
انہوں نے کہا کہ جس ملک کے پاس مجاہدت کا جذبہ نہیں ہوگا اس کو جھکنے پر مجبور اور کمزور کر دیا جائے گا - ڈاکٹرلاریجانی نے کہا کہ اگر ایران کے اسلامی جمہوری نظام نے غیرمساوی جنگ میں مشرق اور مغرب کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے تو یقینی طور پر اس میں سرفروشی اور مجاہدت کا ہی جذبہ کارفرما تھا اور آج سینتیس سال بعد بھی اسلامی جمہوریہ ایران میں امن و استحکام اسی جذبے کی بدولت ہی قائم ہے-
ڈاکٹر لاریجانی نے علاقے میں پائی جانے والی بدامنی اور آشفتگی ، اسلام سے دشمنی کی بنیاد پر پیدا کئے گئے بحرانوں اور عراق، شام یمن اور لیبیا میں دہشت گرد گروہوں کے وجود میں آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بحران میں ایک جانب پیغمبراسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا متعارف کرایا ہوا اصل اسلام ہے اور دوسری جانب وہ ممالک ہیں جو براہ راست اور بالواسطہ طور پر دہشت گردوں کی مدد کر رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اس معرکے میں بھی وہی کامیاب ہوں گے جن کے یہاں سرفروشی اور شہادت پسندی کا جذبہ ہوگا -