الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے برطانوی پارلیمنٹ کے ایک ہال میں برطانیہ کے دارالعوام اور دارالامراء کے بعض اراکین نیز برطانیہ کے بعض سیاسی اور اقتصادی رہنماؤں اور صحافتی شخصیات کے سوالوں کے جواب دیئے۔
محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سربراہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نےجمعرات کے دن لندن میں شام کے عوام کے لئے امداد اکٹھی کئے جانے سے متعلق بلائی جانے والی کانفرنس میں کہا کہ شام کے لاکھوں افراد کے قتل عام اور زخمی ہونے نیز کئی ملین افراد کے بے گھر ہونے، تباہ کاری کا سلسلہ جاری رہنے اور وحشیانہ بربریت کا مظاہرہ کئے جانے کی بنا پر ساری انسانیت کو دکھ پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف شام کے عوام لئے امداد اکٹھی کئے جانے کے سلسلے میں لندن میں بلائی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے برطانیہ گئے ہوئے ہیں۔ اس ایک روزہ کانفرنس کی میزبانی برطانیہ نےکی جبکہ جرمنی، ناروے، کویت اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے علاوہ ساٹھ ممالک کے سربراہوں اور حکام اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔