~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق بھارتی آرمی کے ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی کا کہنا تھا کہ فوجی اہلکار اُس وقت برفانی تودے تلے دب کر لاپتہ ہوئے جب وہ 19 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گلیشیئر کی جنوبی پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں کی تلاش کے لیے فوج اور فضائیہ کی خصوصی ٹیموں نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے، جس کی بغور نگرانی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ سیاچن گلیشیئر کو دنیا کا بلند ترین میدان جنگ کہا جاتا ہے، جہاں موسم سرما کے دوران برفانی تودے گرنے کے واقعات عام ہیں اور درجہ حرارت منفی 60 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔
گزشتہ ماہ بھی اس پہاڑی سلسلے میں برفانی تودہ گرنے سے 4 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
سیاچن گلیشیئر پر 1984 سے اب تک تقریباً 8 ہزار فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے بیشتر ہلاکتیں برفانی تودہ گرنے، جما دینے والی سردی اور حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں.