~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پاکستانی فوج کے بیچلر آف ملٹری آرٹ اینڈ سائنس اور نسٹ انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کنفلکٹ اسٹڈیز کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کے دوران پاکستان کےصدر ممنون حسین نے کہا کہ موجودہ دور میں دفاعی سائنس پیچیدہ شکل اختیار کر چکی ہے اب سیاسی، سفارتی، اقتصادی حتی کہ مواصلات جیسے امور بھی دفاعی امور سے منسلک ہو گئے ہیں۔ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران جنم لینے والی انتہا پسندی اور دہشت گردی نے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔
صدر نے کہاکہ پاکستانی قوم نے اپنے عزم سے دنیا پر واضح کیا ہے کہ وہ اور مسلح افواج اندرونی اور بیرونی ہر طرح کے حالات میں مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ دہشت گرد اور ان کے سرپرست کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، قوم اور مسلح افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔