الوقت کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں ہونے والے دھماکوں اور ہلاکتوں کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے اور اسے دہشتگردانہ کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں دہشت گردوں نے سیرینا شاپنگ مال اور پولیس چوکی پر بموں سے حملہ کیا اور پھر شدید فائرنگ بھی جس کی آواز سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے دفتر اور غیر ملکی سفارتخانوں کے باہر بھی دھماکے کئے گئے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں ہالینڈ کا ایک شہری بھی شامل ہے۔
انڈونیشیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 15 کے قریب دہشت گردی اب بھی موجود ہیں جو جکارتہ کے مختلف علاقوں میں پھیل گئے ہیں۔ واقعہ کے بعد جکارتہ کو فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 کو گرفتار کرنے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
انڈونیشیا میں دھماکوں کے بعد مقامی اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اور اسٹاک ایکس چینج میں 4 ہزار 500 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔