الوقت کی رپورٹ کے مطابق سالانہ پریس کانفرنس میں بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے حملہ آوروں سے ایئربیس کو چھڑانے کے لیے کئے گئے آپریشن کے لمبے دورانیے پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپریشن سے ضرور سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے صحافیوں کے آپریشن کے لمبے دوارنیے سے متعلق سوالات کے جواب نہیں دیئے۔
دلبیر سنگھ نے مزید معلومات دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا ہے کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
پٹھان کوٹ ایئربیس کو حملہ آوروں سے چھڑانے اور مکمل محفوظ قرار دینے کے لیے بھارت کی فورسز کو ایک ہفتہ لگ گیا تھا جس پر مختلف حلقوں سے اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مختلف سیکیورٹی ایجنسیز میں تعاون کی کمی کا الزام غلط ہے، 560 سپاہیوں نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ اسپیشل فورسز کی ایک ٹیم بھی آپریشن کا حصہ تھی۔
دلبیر سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب بھارتی میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ آپریشن کا دورانیہ سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان کوآرڈینیشن کی کمی کے باعث ہوا۔
کشمیری جہادی تنظیم یونائٹڈ جہاد کونسل (یو جے سی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔