~~الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمورِ خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی پر تشویش ہے اور اس صورتحال میں مثبت اور متوازن کردار ادا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں.
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان قومی مفاد اور سیکیورٹی کومدنظر رکھے گا.
قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ پاکستان کی کوئی پالیسی نہیں ہے.
مشیر خارجہ نے مزید خبردار کیا کہ موجودہ صورتحال پر مسلم امہ کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اس سے دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں.
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سرتاج عزیز کا پالیسی بیان مسترد کردیا.
خورشید شاہ نے مشیر خارجہ پر تنقید کرتے کہا کہ سرتاج عزیز نے پاکستان کا بہت کمزور موقف پیش کیا.
انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس تنازع پر تمام پارلیمانی سربراہان کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے.
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ایک نامور شیعہ عالم آیت اللہ شیخ باقر النمر کو موت کی سزا دیئے جانے کے بعد تہران اور ریاض کے تعلقات کشیدہ ہو گئے۔