دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق دو روز کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 5 حملہ آور ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈیا ٹو دے کی رپورٹ کے مطابق پٹھان کوٹ میں ہونے والے حملے میں 11 اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں میں نیشنل سیکیورٹی گارڈز کے لیفٹیننٹ کرنل نیران جان کمار ، ڈیفنس سروسز کور کے 6 اہلکار، انڈین ائیر فورس کے 2 اہلکار جبکہ ائیر فورس ایلیٹ کمانڈوز کے 2 اہلکار شامل ہیں۔
پٹھان کوٹ کے ایئر بیس سے اتوار کی صبح ایک بار پھر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوئیں۔
اتوار کی صبح آپریشن کے دوران ایک لیفٹننٹ کرنل نیران جان کمار بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوئے، ان کی ہلاکت سرچ آپریشن میں ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پٹھان کوٹ میں ہندوستان کے ایئر بیس پر حملہ ہوا تھا، کل شام ہندوستانی فورسز نے آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں 4 حملہ آوروں اور 3 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا.
گزشتہ سال جولائی میں بھی ضلع گرداس پور کے پولیس اسٹیشن اور بس پر فوجی وردیوں میں ملبوس دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے 6 افراد کو ہلاک اور 8 کو زخمی کر دیا۔