الوقت کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے اپنی ویب سائٹ پرٹوئیٹ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج کی کارروائی بھی جاری ہے اور یمنی فوج کے جوابی میزائلی حملوں میں 24سعودی فوجی ہلاک اور37دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے علاقے جیزان میں اس ملک کے فوجی ٹھکانوں پر اٹھارہ میزائل داغے۔ یمنی فوج کی جانب سے سعودی جارحیت کا جواب ایسی حالت میں دیا جا رہا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے گذشتہ نو مہینوں سے جاری وحشیانہ حملوں میں اب تک ساڑھے سات ہزار سے زائد یمنی شہید اور تقریبا چودہ ہزار دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب نے یمن میں اپنے آلۂ کار کی حیثیت سے اس ملک کے مستعفی صدر کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی غرض سے گذشتہ سال مارچ کے مہینے میں اس ملک کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت کا آغاز کیا ۔