الوقت کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے دیگر ملکوں کی مانند اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سےجشن و مسرت کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس پر برکت موقع کی مناسب سے ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں بالخصوص مشھد مقدس، قم ، اصفہان ، شیراز اور تہران میں گذشتہ رات سے ہی جشن و مسرت کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے- خوشی کے اس مبارک موقع پر نجف اشرف، کربلای معلی، کاظمین، سامرا، دمشق، مشہد مقدس اور قم کے روضوں پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے- ان تقریبات میں علماء و ذاکرین نے رسول اسلام (ص) اور حضرت امام جعفرصادق (ع) کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور شعراء نے نعتیہ اشعار پڑھے اور قصیدہ خوانی کی -
اسلامی جمہوریہ ایران میں اس موقع پر اتحاد بین المسلمین کے دلفریب مناظر بھی نظرآ رہے ہیں اس لئے کہ شیعہ اورسنی مسلمان مل کر حضرت ختمی مرتبت اور صادق آل محمد (ع) کے یوم ولادت کا جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔
اہلسنت بارہ ربیع الاول کو رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا یوم ولادت مناتے ہیں جبکہ شیعہ مسلمان آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم ولادت سترہ ربیع الاول کو مناتے ہیں ۔ بانی انقلاب اسلامی نے اتحاد بین مسلمین کو فروغ دینے کی غرض سے بارہ سے سترہ ربیع الاول کو ہفتہ وحدت قرار دیا ہے اور ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس مناسبت سے بارہ ربیع الاول سے لے کر سترہ ربیع الاول تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے- الوقت عالم اسلام کی خدمت میں پیغمبر رحمت ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی (ص) اور صادق آل محمد فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔