الوقت کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں سانحہ اے پی ایس کی مناسبت سے مرکزی تقریب سے خطاب کے دورانپاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج سے ایک برس قبل آرمی پبلک اسکول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ جو دیواریں بچوں کے ترانے سنتی تھی وہ دھماکوں سے گونج اٹھیں، پوری قوم نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم محسوس کیا ،اس سانحےکے بعد پوری سیاسی قیادت اور فوجی لیڈر شپ ایک جگہ بیٹھی اور عزم کیا کہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری بہادر افواج اور عوام ایک جان ہوکر اپنے اس مشن میں مصروف ہیں، آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، ان کی پناہ گاہیں اور انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے، وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا قلع قمع کردیا جائے گا۔