الوقت کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ نے کل رفح میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدس اورغرب اردن میں شروع ہونے والی نئی تحریک انتفاضہ نے مسجد الاقصی کو زمان و مکان میں تقسیم کرنے کے لئے صیہونی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنا دیااورغاصب حکومت کی سازشوں کے سامنے دفاعی دیوار کھینچ دی -
تحریک حماس کے مرکزی رہنما نے مسجد الاقصی کے فلسطینی مجاہدین کو مومن اور حامل قرآن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو صیہونی سازشوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں- اسماعیل ہنیہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ استقامت اپنی راہ پر گامزن رہے گی کہا کہ تحریک انتفاضہ، مقبوضہ زمینوں کی آزادی کا واحد راستہ ہے -
صیہونی تقریبا ہر روز اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے مسجد الاقصی پر حملہ کرتے ہیں- مسجد الاقصی کے سلسلے میں صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف فلسطینی عوام اکتوبر سے احتجاج کر رہے ہیں۔