الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے سندھ اور پنجاب کے 12 اضلاع میں صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام ساڑھے 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔
پنجاب کے 12 اضلاع راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، راجن پور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، جھنگ، لیہ، نارووال، رحیم یار خان، بہاولپور اور خوشاب میں آج پولنگ ہورہی ہے۔
ان اضلاع کے ایک کروڑ 78 لاکھ سے زائد مرد اور خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے تقریباً سوا 5 ہزار بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے پنجاب میں 14 ہزار 470 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
عدالتی معاملات کی وجہ سے ضلع راولپنڈی کی 16 یونین کونسلوں میں پولنگ نہیں ہوگی۔
کراچی کے میئر کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
کراچی میں ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن اور 6 اضلاع شرقی، غربی، وسطی، جنوبی، ملیر اور کورنگی کی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے لیے تقریباً ساڑھے 5 ہزار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 70 لاکھ 80 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں کراچی کے 5 اضلاع سے 52 امیدوار بغیر مقابلہ کیے ہی منتخب ہوچکے ہیں۔
چھ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 4 ہزار 141 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 234 کو نارمل، 2 ہزار 116 کو حساس جبکہ ایک ہزار 791 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتخابات کے دوران قیام امن کے لیے شہر میں فوج کی 10 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں جبکہ ہر کمپنی میں 80 اہلکار ہیں، رینجرز کے 7 ہزار 400 اہلکار اور پولیس کے 35 ہزار سے زائد اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں .