الوقت کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے انقرہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے روس کے سوخوئی چوبیس لڑاکا طیارے کو گزشتہ ہفتے شام کی سرحد کے قریب اس لئے مار گرایا تاکہ وہ دہشت گرد گروہ داعش کا اسمگلنگ کردہ تیل حاصل کرتا رہے۔ روس کے صدر نے پیرس کے قریب بلائی جانے والی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر پیر کے دن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تمام ضروری دستاویزات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کا تیل ترکی کی جانب بھیجے جانے والے راستوں کو محفوظ بنانے کے مقصد سے روسی لڑاکا طیارے کو مار گرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ترکی نے مار گرائے جانے والے روسی طیارے کے پائلٹ کی لاش روسی اتاشی کے حوالے کر دی ۔
واضح رہے کہ ترکی کی فوج نے گزشتہ ہفتے منگل کے دن شام کی سرحد کے قریب روس کا لڑاکا طیارہ سوخوئی چوبیس مار گرایا تھا جس کے بعد روس اور ترکی کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔