الوقت کی رپورٹ کے مطابق مالٹا میں ہونے والے دولت مشترکہ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نہ صرف دنیا بھر میں ہونے والی ہر قسم کی دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے بلکہ شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون بھی کررہا ہے اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں پر عمل درآمد بھی کررہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بے گناہ افراد کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں بے مقصد نشانہ بنانے کی کوئی وجہ نہیں ہے لیکن پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف شروع ہونے والی اس جنگ میں اب تک 50 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے تاہم 2 سال قبل پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس نے آج دہشت گردوں کی کمر پوری طرح سے توڑ دی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ حکمت عملی پر بھی زوردیا اور جنگجو تنظیم داعش سمیت دیگرغیرملکی دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اظہار بھی کیا۔