بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے الوقت کی رپورٹ کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین کے صدراسدالدین اویسی نے منگل کو کہا کہ چاہے جو کچھ بھی ہو جائے مسلمان بھارت نہیں چھوڑیں گے-
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور مجلس اتحاد المسلمین کے صدراسدالدین اویسی نے صحافیوں سے کہا کہ مسلمان، سنگھ پریوار اور دیگر فاشسٹوں کی تلخ زبان اور پالیسیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے - اویسی نے کہا کہ ملک کے مسلمان ، بھارت کے آئین میں حاصل اپنے حقوق، انصاف اور لازمی حصے کے لئے اپنی جمہوری جد و جہد جاری رکھیں گے -
اسدالدین اویسی نے کہا کہ ہم نے بہت مصیبتیں جھیلی ہیں، کئی فسادات دیکھے ہیں۔ ہم نے بابری مسجد کو شہید ہوتے ہوئے بھی دیکھا ہے- اویسی نے کہا کہ بھارتی مسلمانوں کو ہمیشہ برسراقتدار پارٹیوں سے شکایت رہی ہے کیونکہ ان سیاسی جماعتوں نے مسلمانوں کو آئین میں حاصل حقوق نہیں دیے۔