الوقت کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے سامراجی طاقتوں کی پالیسیوں کے مقابلے میں ونزوئیلا کی استقامت اور قابل ستائش اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آج سامراجی طاقتیں انسانیت کے لئے ایک بڑی مصیبت بن گئی ہیں اور خود مختار ملکوں کی کامیابی اور ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ ثابت قدمی کا مظاہرہ اور اپنے عوام پر بھروسہ کریں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے لاطینی امریکا کے علاقے میں امریکا کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا اس علاقے کو اپنی کالونی سمجھتا تھا لیکن ونزوئیلا کی مثالی ثابت قدمی نے اس علاقے کو ایک خود مختاراور باعزت علاقے میں تبد یل کر دیا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ونزوئیلا پرامریکی دباؤ کا مقصد ونزوئیلا کے عوام اور حکومت کی استقامت اور قوت مزاحمت کو ختم کرنا بتایا اور فرمایا کہ آج کے دور میں دنیا کی جنگیں ارادوں کی جنگیں ہیں اس لئے آپ اپنی استقامت و پامردی اور اپنے ارادوں کو مستحکم بناکر نیز اپنے ملک کی بےشمار توانائیوں سے استفادہ کرکے اپنے ملک کی مشکلات پر غلبہ پانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
ونزوئیلا کے صدر نکولس مادورو نے بھی رہبر انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات میں کہا کہ ایران اور ونزوئیلا دو حقیقی اور سچے دوست ہیں جن کے تعلقات بہت گہرے ہیں۔