الوقت کی رپورٹ کے مطابق مخدوم امین فہیم طویل عرصے سے بلڈ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔اورحال ہی میں لندن سے کراچی منتقل ہوئے تھے جہاں وہ ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق امین فہیم کی میت کو ان کے آبائی علاقے ہالا منتقل کیا جائے گا اور ان کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
چار اگست 1939 کو سندھ کے علاقے ہالا میں پیدا ہونے والے مخدوم امین فہیم سندھ کے بااثر جاگیردار گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستگی مخدوم امین فہیم کو سیاسی میراث میں ملی تھی، مخدوم طالب المولیٰ کے نام سے جانے جانے والے اُن کے والد مخدوم محمد زمان پارٹی کے بانیوں میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے سینئر نائب صدر بھی تھے۔
مخدوم امین فہیم پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب چیئرمین کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر بھی تھے . وہ سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور مخدوم طالب المولیٰ کے گدی نشین بھی تھے۔