الوقت کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں ریڈ کراس اور قومی امدادی مرکز کے مطابق یولا شہر کے علاقے جامبوتو میں ہونے والے اس بم دھماکے میں 35سے زائد افراد ہلاک اور80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ اس قسم کے دہشت گردانہ حملے بوکو حرام گروہ کرتا ہے۔
یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری نے چند روز قبل کہا تھا کہ عنقریب بوکو حرام کا خاتمہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں بوکو حرام کے حملوں کے آغاز سے لے کر اب تک سترہ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور چھبیس لاکھ سے زائد بےگھر ہو چکے ہیں۔ بوکو حرام نائیجیریا کے علاوہ اس کے ہمسایہ ممالک کیمرون، چاڈ اور نائیجرمیں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دے رہا ہے۔