الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کےصدرڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی شام ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ اسلام، امن و رحمت کا دین ہے اور اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ یہ اقدامات خاص طور پر یورپ اور امریکہ میں کہ جہاں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے، اسلامو فوبیا میں اضافے کا باعث بنیں۔
صدرروحانی نے کہا کہ افسوس بچے، عورتیں اورعام بےگناہ افراد دہشت گردانہ اقدامات کا شکار ہوئے ہیں اور ان جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی عزم و اتحاد کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران برسوں سے عالمی سطح پر دہشت گردی کی لعنت کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دے رہا ہے، کہا کہ ایران ایک ایسے ملک کی حیثیت سے کہ جو خود دہشت گردی کا شکار ہوا ہے، دہشت گردانہ سرگرمیوں اور بےگناہ انسانوں کے قتل عام کی مذمت کرتا ہے اور وہ اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات کا سنجیدگی سے اور ٹھوس طریقے سے مقابلہ کرے گا۔