الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے جمعرات کی رات لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اس میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور لبنانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے -
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ لبنان کی قوم، مزاحمت اور فوج کے درمیان اتحاد و یکجہتی، اور دہشت گردی سے مقابلے کے لئے عالمی برادری کا پختہ عزم و ارادہ ہی، انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لئے حالات سازگار بنا سکتا ہے -
دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے بھی ایک بیان میں اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات، اسرائیل اور دہشت گردوں کے مفادات پورے کرنے کے لئے انجام پا رہے ہیں-
واضح رہے کہ جمعرات کی رات جنوبی بیروت میں شیعہ آبادی والے علاقے ضاحیہ میں دو خودکش دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 45افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوئے ۔
تکفیری دہشتگرد اورشدت پسند تنظیم داعش نے ان خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔