الوقت کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے چناؤ کے لئے ووٹنگ ہوئی جس میں تمام ممبران نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ 300 کے ایوان میں سے سردار ایاز صادق کو 268 جب کہ تحریک انصاف کے شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے۔ ڈپٹی اسپیکر مرتضی جاوید عباسی نے سردار ایاز صادق سے عہدے کا حلف لیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، فاروق ستار سمیت تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا ایوان 342 اراکین پر مشتمل ہے جس میں آزاد اراکین سمیت 17 سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں۔ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 188، پیپلز پارٹی 46، تحریک انصاف 33، ایم کیو ایم 24، جمعیت علمائے اسلام (ف) 13، فنکشنل لیگ 5، جماعت اسلامی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی 4، 4، مسلم لیگ (ق)، اے این پی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے، 2، 2، عوامی مسلم لیگ، ضیاء لیگ، عوامی جمہوری اتحاد پاکستان، آل پاکستان مسلم لیگ، نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، کی ایک ایک جب کہ 9 آزاد اراکین ہیں۔