الوقت کی رپورٹ کے مطابق محمد یونس قانونی افغانستان کے صوبہ پنجشیر کے رہنے والے ہیں جو اس عہدے پر فائز ہونے سے پہلے قومی اسمبلی کے سربراہ وزیر داخلہ اور وزیر تعلیم رہ چکے ہیں۔ محمد یونس قانونی مارشل محمد قاسم فہیم کی موت کے بعد کچھ عرصے تک سابق افغان صدر حامد کرزئی کے سینیئرنائب صدر بھی رہ چکے ہیں ۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہےکہ محمد یونس قانونی کو امن کونسل کا سربراہ بنانے کا مطلب یہ ہے کہ موجودہ حکومت افغانستان کے موجودہ حالات میں محمد یونس قانونی کی اہمیت کی قائل ہے اور اس کی شخصیت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ افعان امن کونسل کی اہم ذمہ داریوں میں ایک افغان آئین کی روشنی میں ملک میں امن کے عمل کو آگے بڑھانے کی راہ ہموار کرنا اور طالبان سے مذاکرات کرنا ہے ۔
اس وقت کابل حکومت کو پہلے سے زیادہ مذاکرات کے از سر نو آغاز کی سخت ضرورت ہے تاکہ طالبان کے ساتھ کشیدگی کو ختم کرکے ایک قومی اور اجتماعی عزم نیز پوری طاقت کے ساتھ داعش کے خلاف مقابلے کے لئے زمین ہموار کی جا سکے۔