الوقت کی رپورٹ کے مطابق کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کی تنظیم نے کہا ہے کہ اس تنطیم کے کیمیاوی ہتھیاروں کے ماہرین کی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے شام میں اگست کے مہینے میں جنگ کے دوران مسٹرڈ گیس استعمال کی تھی۔
کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کی تنظیم کی انتیس اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق، اس بات کا پورا یقین ہو گیا ہے کہ حلب کے شمال میں واقع ماریہ شہر میں اکیس اگست دو ہزار پندرہ کو کم از کم دو افراد مسٹرڈ گیس کا شکار ہوئے۔
کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی یہ رپورٹ اپنے کیمیاوی مواد کے ذخائر کی نابودی سے متعلق شام کی حکومت کے سمجھوتے کے بعد اس ملک میں مسٹرڈ گیس کے استعمال کا اولین ثبوت ہے۔ یہ رپورٹ نومبر کے اواخر میں باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو پیش کر دی جائے گی۔