الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف اورامریکی صدراوباما کے مابین وہائٹ ہاوس میں ہونف والی ملاقات کے بعد ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق پاکستان اور امریکا نے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جب کہ وزیراعظم نوازشریف اور صدر اوباما نے پائیدار شراکت داری کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور امریکا نے دفاعی شعبے میں مزید تعاون اور تربیت بڑھانے، توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی سرماریہ کاری، مقامی و عالمی سرمایہ کاری میں تعاون، بیماریوں کی روک تھام اور صحت کے منصوبوں کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کشمیر سمیت تمام تنازعات پر مذاکرات شروع کرنے اور دونوں ممالک کے بہتر تعلقات کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا جب کہ اس دوران ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ وزیراعظم نوازشریف اور امریکی صدر براک اوباما نے دہشت گردی، انتہا پسند گروپوں کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر تبادلہ خیال کیا جب کہ صدر اوباما نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔