الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زارداری نے خیبرپختونخوا کے احتساب کمیشن کی جانب سے خاتون سینیٹر ستارہ ایاز کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں احتساب کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جب کہ پیپلزپارٹی تمام لوگوں کا احتساب چاہتی ہے لہٰذا احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔
سابق صدر نے کہا کہ کے پی کے کے احتساب کمیشن اور سیاسی حکمران اس بات کا حساب دیں کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے حزب اختلاف کے قانون سازوں کو گرفتار کررہے ہیں حالانکہ اس احتساب کمیشن کے قیام کا نوٹی فیکیشن ان قانون سازوں کی گرفتاری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دوران نہ تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی تھا اور نہ ہی کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی تھی۔