الوقت کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نےآج جمعہ کے روز ایک بیان میں شام میں جنرل حسین ہمدانی کی شہادت کی رہبر انقلاب اسلامی اور ملت ایران کو تعزیت پیش کی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل حسین ہمدانی نے جو دفاع مقدس کے دور کے کمانڈر اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مشیر نیز حرم کے محافظین میں سے تھے، گزشتہ برسوں کے دوران دمشق میں حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضے کی حفاظت اور شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی مزاحمتی محاذ کی مدد اور اسے مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل حسین ہمدانی جمعرات کے روز حلب شہر کے نواح میں اپنے مشاورتی مشن کی انجام دہی کے دوران داعش کے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہو گئے۔