الوقت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کےسیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ورکنگ باونڈری پر دیوار بنا رہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ بھارت ورکنگ باونڈری پر دیوار بنا رہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ یہ عمل دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے کہ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پرتعمیراتی کام نہیں ہو گا اور یہ اس سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل کے صدر کو اس سلسلے میں خط لکھا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ اسے سرکاری دستاویزات کی حیثیت دی جائے۔
اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے، شمالی وزیرستان میں تمام دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی ہیں۔ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات پر مداخلت کررہا ہے اور یہ معاملہ ہر بین الاقوامی فورم پراٹھایا جائے گا۔