الوقت کی رپورٹ کے مطابق آج خطبہ حج کے دوران مفتی اعظم شیخ عبدالعزیزآل شیخ نے کہا ہے کہ دشمن اسلام کا لبادہ اوڑھ کراسلام کی جڑ کو کمزور کررہے ہیں اور داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کو تمام مذاہب پر فضیلت حاصل ہے، اسلام کا بنیادی فلسفہ امن اور صرف امن ہے، اسلام کے علاوہ کوئی دین ، دین حق نہیں، دین اسلام نے انسانوں کے لئے بہترین ضابطہ حیات پیش کیا اور انسانوں کو یکجا اورمتحد کیا۔
دور حاضر میں عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے مفتی اعظم نے فرمایا کہ کچھ لوگ امت کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتےہیں، دشمن اسلام کا لبادہ اوڑھ کراسلام کی جڑ کو کمزور کرنے میں مصروف ہیں۔ نبی کریم ﷺنے کسی کی جان لینے اور فتنہ پھیلانے سےمنع فرمایا ہے، ایک مسلمان کبھی دوسرے مسلمان پر لعنت بھی نہیں بھیجتا، اسلام کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتا، داعش اسلام کے نام پر مسلم امہ کو تباہ کرنے میں مصروف ہے، گمراہ جماعتوں کا مقصد اسلام کو نقصان پہنچانا ہے، انتہاپسندی کا پرچار کرنے والے گروہ عالم اسلام کو دور جاہلیت میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امام کعبہ نے داعش کے خلاف ایسے میں بات کی ہے کہ جب داعش کو وجود میں لانے میں سعودی عرب پیش پیش تھا اور داعش کی بنیاد سعودی ریال،امریکی حمایت و مدد اور اسرائیل کے مذموم عزائم پر رکھی گئی۔