الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز کے موقع پر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار پر ہونے والی مرکزی تقریب اور فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ دفاع مقدس ملت ایران کے لیے باعث افتخار ہے اور یہ اغیار کی جارحیت اور ملت ایران کے دفاع کی یاد دلاتا ہے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اگرچہ مسلط کردہ جنگ نے ایران کو نقصان پہنچایا اور اس کے لیے مشکلات پیدا کیں لیکن ملت کے دفاع نے گرانبہا اثرات بھی چھوڑے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملت ایران دفاع مقدس کے نتیجے میں، اغیار اور جارحین کے مقابلے میں ایک متحد، مضبوط اور قوی قوم میں تبدیل ہو گئی -
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ مسلط کردہ جنگ سے یہ ثابت ہو گیا کہ کون حملہ آور ہیں، دوسروں کے داخلی امور میں مداخلت اور جارحیت کے پس پردہ کون سی سوچ کار فرما ہے اور کون ہیں جو نہ صرف ہمسایہ قوموں پر بلکہ اپنی قوم پر بھی رحم نہیں کرتے ہیں -
قابل ذکر ہے کہ بائیس ستمبر ایران میں ہفتہ دفاع مقدس کا پہلا دن ہے، بائیس ستمبر انیس سو اسی کو اس وقت کی عراقی حکومت نے امریکہ اور مغربی طاقتوں کے اکسانے پر ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد ایران کے نوخیز انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام کو ختم کرنا تھا۔