الوقت- پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل، وزیر داخلہ چوہدری نثار، چاروں صوبوں، آزاد جموں کشمیر اور گلگلت بلتستان کے گورنرو وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخاتمے کے لیے ہمیں ہر وقت چوکنا رہنا ہوگا۔ نیشنل ایکشن پلان کے کچھ حصوں پر عمل ہوا ہے لیکن زیادہ تر پر عمل نہیں ہورہا، کسی صوبے میں پیش رفت زیادہ ہے تو کہیں کم ہے ، انسداد دہشت گردی کے ہر حصے پر عمل درآمد ضروری ہے۔
قبل ازیں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدرات میں ہونے والے اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اصلاحات پر اتفاق کیا گیا جب کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک کے تمام حصوں میں امن قائم کرنے کے لئے اعلیٰ سطح پر اقدامات کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں این جی اوز کا ڈیٹا آن لائن کر کے نادرا میں ڈیٹا بینک کے قیام اور اسلحہ لائسنس کو سنٹرلائز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔