الوقت-یمن کے نہتے عوام پر آل سعود اور اسکے پٹھوؤں کے حملوں کو تقریبا چھ مہینے گذر رہے ہیں لیکن یہ حملے یمن کی قوم کی کمزوری کا باعث نہیں بنے ہیں بلکہ یمن کی فوج اور عوامی فورسز نے آل سعود اور اسکے اتحادیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ یمن کی فوج اور عوامی فورسز نے آل سعود کو شکست دیتے ہوئے سعودی عرب کے بعض علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ یمن کی فوج اور عوامی فورسز نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے پرحملے کرکے سعودی عرب کے ایک اعلی رتبہ جنرل کو ہلاک کردیاتھا۔ انصاراللہ کے اعلان کے مطابق اس تحریک کی فورسز نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان کو ملانے والے ٹیلوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ نے سعودی عرب کی الفریضہ، دارالنصر،ملحمہ اور مشعل نامی فوجی اڈوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ فوجی اڈے جیزان میں واقع ہیں۔ واضح رہے کئي دنوں قبل انصاراللہ کے حملے میں ایک سعودی جنرل مارا گياتھا اور آل سعود نے اس کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ خلیج فارس کے عرب ملکوں کے امور کے ماہر تجزیہ نگار علی احمد نے لکھا ہے کہ آل سعود کے اس جنرل کو امریکیوں نے ٹریننگ دی تھی اور یہ جیزان میں مارا گيا ہے۔ بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیزان کے مقامی قبائل تحریک انصاراللہ کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔ یمن کے آزاد صحافی اور تجزیہ نگار ہیکل بافنع نے کہا ہےکہ یہ پہلی بار ہے کہ سعودی عرب کے علاقوں کے قبائل جو یمنی نژاد ہیں وہ یمنی فورسز کےساتھ جاملے ہیں۔ واضح سعودی عرب کے جنوبی علاقے ایک زمانے میں یمن کا حصہ تھے جن پر آل سعود نے انیس سو تیس میں قبضہ کرلیا تھا۔
یمنیوں کےحملوں میں شدت
آل سعود کے سینئر فوجی افسر کے ہلاک ہونے سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ یمن کی فوج اور انصاراللہ نے آل سعود کے خلاف اپنے حملے تیز کردئے ہیں۔ ان حملوں کی تصویریں علاقے میں بڑے پیمانے پر نشر ہورہی ہیں۔ یمن کی فوج اور انصاراللہ نے سعودی علاقے ظہران میں سعودی عرب کے فوجی اڈوں پر چند کاتیوشا راکٹ برسائے تھے۔ یمن کی فوج کے راڈار یونٹ نے کہا ہے کہ یہ راکٹ ٹھیک ٹھیک اپنے ھدف پر جاکر لگے ہیں۔ ادھر المسیرہ ٹی وی نے یہ رپورٹ دی ہے کہ یمنی فوج اور تحریک انصاراللہ کے جوانوں نے سعودی عرب کے ایک فوجی اور لاجسٹیک کاروان پر حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ جیزان میں ہوا ہے۔اس فوجی کاروان میں کئي بکتر بند گاڑیاں، ٹینک اور لوڈر شامل تھے۔ اس فوجی کاروان پر یمن کی فورسز نے گھات لگا کر حملہ کیا اطلاعات کے مطابق یمنی فورسز نے زمین سےفضا میں مار کرنے والے میزائل داغ کر جازان کے علاقے میں دو اپاچی جنگي ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں۔ان حملوں میں سعودی عرب کے دو پائلٹ مارے گئے ہیں۔ یاد رہے تحریک انصاراللہ نے جنوبی یمن کے بعض علاقوں سے پسپائي اختیار کرنے کے بعد شمالی یمن میں پے درپئے حملے کرنا شروع کردیا ہے۔ ادھر بعض ذرایع نے کہا ہے کہ تحریک انصاراللہ نے جنوب سے پسپائي اختیار کرکے سعودی عرب کے ساتھ سرحدی علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے تا کہ آل سعود کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچاسکے۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کی فوج اور انصاراللہ نے آل سعود کے خلاف تابڑ توڑ حملے کرنے کےبعد آل سعود کو وارننگ دی ہے کہ اگر یمن کی بنیادی تنصیبات پر حملے جاری رہے تو سعودی عرب کی تمام انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔ یمن کی فوج کے ترجمان نے یمنی قوم کےخلاف آل سعود اور اسکے پٹھوؤں کی وحشیانہ جارحیت پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہی عوامی فورسز اور فوج نے آل سعود کے جارحین کے خلاف اپنی فوجی حکمت عملی پر عمل درآمد شروع کیا ہے۔