الوقت کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت دفاع سے منظوری ملنے کے بعد داعش کے خلاف عراق کے F16جنگی طیاروں کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔
عراقی فضائیہ کے سربراہ جنرل انور حما امین نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ گزشتہ چند روز کے دوران ایف F16جنگی طیاروں سے، جن کی کارکردگی بہت اچھی ہے، داعش گروہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
واضح رہے کہ دو ہزار بارہ میں عراق کی اس وقت کی نوری مالکی حکومت اور امریکا کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس کی رو سے دو ہزار چودہ میں چھتیس F16جنگی طیارے بغداد کو فراہم کئے جانے تھے، اب ایک سال کی تاخیر سے گزشتہ پیر کو چار F16جنگی طیارے عراق کو دیئے گئے۔
دوسری جانب بغداد میں ایران کے سفیر حسن دانائی فر اور عراقی صدر فواد معصوم نے انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد، عراق اور علاقے میں سیکورٹی کے مسائل نیز ایران و عراق کے درمیان اقتصادی تعاون جیسے موضوعات پر بات چیت کی۔ اس ملاقات میں عراق کے صدر فواد معصوم نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے داعش کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے عراق کی بروقت مدد کا شکریہ ادا کیا۔