الوقت کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے کہا ہے کہ داعش مخالف نام نہاد اتحاد ایک بڑا جھوٹ ہے اور با رہا اس اتحاد کی ناکامیاں سامنے آچکی ہیں۔
عمران الزعبی نے ہالینڈ اور بیلجیئم کے سیاسی رہنماؤں کے وفود سے ملاقات کے دوران دہشت گرد گروہوں کے اصل چہرے کو دکھانے کے مقصد سے یورپی ممالک میں سماجی اور پارلیمانی اقدامات کی اہمیت پرتاکیدکی۔
عمران الزعبی نے اس موقع پر کہاکہ دہشت گرد گروہوں کی نظر میں مختلف ممالک کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں سے مقابلے میں تاخیر ان گروہوں کے فائدے میں ہے اور اس سے ان کے اثر و رسوخ کا دائرہ بھی بڑھ جائے گا۔
شام کے وزیر اطلاعات و نشریات نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ترکی نے شام کے ساتھ ملحقہ اپنی تمام سرحدیں دہشت گردوں کے لئے کھول رکھی ہیں۔ دہشت گرد کسی طرح کی نگرانی کے بغیر شام میں داخل ہوتے ہیں اور بعض اوقات ان کو ترکی کے حکومتی اداروں کی جانب سے سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں