الوقت کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نےکل تہران میں پاکستان کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران ایران اور برصغیر پاک و ہند کے درمیان تعلقات کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران بعض علاقائی عرب ممالک نے بعض مسائل میں تحریف کی ہے تاہم ایران اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ تعلقات پر زور دیتا رہے گا۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ جس طرح ایران حزب اللہ کی حمایت کرتا رہا ہے جو ایک شیعہ تنظیم ہے اسی طرح حماس کی حمایت کر رہا ہے جس کا تعلق اہل سنت سے ہے۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران کے دیے گئے اسلحوں اور ہتھیاروں کے ذریعے ان گروہوں نے صیہونی دشمن پر کامیابی حاصل کی ہے جس کا اعتراف خود ان گروہوں نے بھی کیا ہے۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان کے مذہبی رہنماؤں نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں توسیع کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام کو وہابیت اور انتہاپسندی سے کوئی سروکار نہیں ہے اور وہ شیعوں کے ساتھ بھائیوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں۔