الوقت کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین نے جواد ایس خواجہ سے پاکستان کے 23 ویں چیف جسٹس کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ وفاقی وزراء، چاروں صوبائی گورنر اور سپریم کورٹ کے ججز بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ جسٹس جواد ایس خواجہ 24 روز تک چیف جسٹس رہیں گے اور 9 ستمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے، جسٹس جواد ایس خواجہ کے بعد جسٹس انور ظہیر جمالی 10 ستمبر کو چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے۔ گزشتہ روز جسٹس ناصر الملک اپنی مدت ملازمت کی معیاد ختم ہونے کے بعد عہدے سے فارغ ہو گئے تھے۔
جسٹس ناصرالملک 7 جولائی 2014 کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر ہوئےتھے اور انہوں نےایک سال ایک ماہ اور10 دن اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ بطور چیف جسٹس انہوں نے پاکستان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیشن کی سربراہی کی اور مبینہ منظم دھاندلی کے الزامات کو مسترد کیا ۔
18ویں اور21 ویں آئینی ترمیم سے متعلق فل کورٹ کی سربراہی کی اور فوجی عدالتوں کے قیام کے خلاف درخواستوں کا تاریخی فیصلہ تحریرکیا، اس کے علاوہ وہ تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں منظم دھاندلی کے الزام کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن کے بھی سربراہ تھے۔