الوقت کی رپورٹ کے مطابق شیرخوار فلسطینی علی دوابشہ کے والد سعد دوابشہ، جو گذشتہ ہفتے صیہونیوں کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے، ایک ہفتے تک موت و حیات کی کشمکش کے بعد ہفتے کی صبح شہید ہو گئے۔
مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نیکلائے ملادینوف نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے شیرخوار بچے علی دوابشہ کے والد سعد دوابشہ کے پسماندگان، دوستوں اور ملت فلسطین کو تہ دل سے تعزیت پیش کی۔
واضح رہے کہ نابلس میں واقع سعد دوابشہ کے گھر پر صیہونی انتہا پسندوں کے حملے اور ان کے گھر کو نذر آتش کئے جانے کے واقعے میں ایک شیرخوار فلسطینی بچہ شہید اور اس کے ماں باپ اور بہن بری طرح جھلس گئے تھے۔اس غیر انسانی جرم کے خلاف نفرت اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی جس کے باعث صیہونی فوجیوں کے لئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے نمائندے نے شیرخوار فلسطینی بچے کو جلائے جانے کے واقعہ کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی حکام کے خلاف درج کیا۔