الوقت کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مغربی کنارے میں واقع دوما نامی دیہات پر انتہاپسند صیہونیوں کے حملے کے خلاف انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں کل مقدمہ درج کرا دیا۔
فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوما نامی دیہات پر صیہونیوں کے حملے میں فلسطین کے اٹھارہ ماہ کے شیر خوار علی سعد دوابشہ کو زندہ آگ میں جلا دیا گیا۔
فلسطینیوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھی دوما نامی دیہات پر حملے کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے جمعے کے دن کہا تھا کہ صیہونی حکومت اس وحشیانہ حملے کی ذمہ دار ہے جس کے دوران فلسطین کا شیر خوار بچہ علی سعد دوابشہ آگ میں زندہ جل گیا۔
واضح رہے کہ صیہونیوں نے جمعے کے دن مغربی کنارے میں واقع ایک دیہات پر حملہ کر کے دو گھروں کو آگ لگا دی اور ایک فلسطینی شیر خوار بچے کو زندہ آگ میں جلا دیا۔اس واقعہ کے خلاف فلسطین سمیت عالمی سطح پر زبردست احتجاج ہوا اوراس کی مذمت کی گئی۔